حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی ایران کے شعبۂ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں ملک کے 6 صوبوں سے 12 غاصب صیہونی جاسوس کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ جاسوس ایک منظم نیٹ ورک کے تحت ایران میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے خفیہ اداروں نے بروقت کارروائی کر کے 6 صوبوں سے 12 کرایے کے عناصر اور غاصب صیہونی گماشتوں پر مشتمل ایک ٹیم کو گرفتار کر لیا ہے۔
سپاہ پاسدارانِ انقلاب کے شعبۂ تعلقات عامہ نے ایک اطلاع جاری کر دی ہے، جس کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
ایرانی شریف اور بہادر عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت اور اس کے مغربی اور یورپی حامیوں بالخصوص امریکہ کی غزہ اور لبنان کے عوام کے خلاف اپنے مذموم شیطانی اہداف کے حصول میں ناکامی کے بعد، اس قابض اور نسل پرست ریاست کے سرغنوں نے ان دنوں اسٹرٹیجک چیلینج سے بچنے کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین میں داخل ہو کر کئی سکیورٹی خطرات اور دہشت گردانہ کاروائیوں کو اپنے ایجنڈے میں شامل کر لیا تھا، تاہم خدا کی مدد سے امام زمان عجل اللہ تعالٰی فرجہ الشریف کے گمنام سپاہیوں اور سپاہ پاسدارانِ انقلاب اسلامی کے انٹلیجنس ادارے کی ہوشیاری اور جہادی کوششوں سے 12 کرایے کے عناصر اور جاسوسوں پر مشتمل اس گروہ کی ملک کے 6 صوبوں میں شناخت کی گئی اور ایک فیصلہ کن انٹلیجنس کاروائی کے ذریعے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
شعبۂ تعلقات عامہ سپاہ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی ایران